اسلام آباد۔29مارچ (ٹاپ نیوز):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ،آئین پاکستان تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے،پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین پارلیمنٹیرینز کے 18 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں خواتین پارلیمنٹیرینز کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد ہیں ، قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے ۔ پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ پنجاب میں اپنی دور حکومت میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کئے جن میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی بھی شامل تھی۔