اسلام آباد۔4نومبر (ٹاپ نیوز):پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبر پختونخوا میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کے لیے 100 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کردئیے ۔وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے حکومت پاکستان جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ خیبر پختونخوا حکومت اورایشیائی ترقیاتی پروگرام کے درمیان صوبے میں پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
س موقع پربتایاگیا کہ نتیجہ خیز قرض پروگرام بنیادی ڈھانچے اور آلات کو جدید بنا کر ثانوی ہسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ معاہدے کے تحت کلینیکل پروٹوکولز، معیارات و رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے ، انسانی وسائل کی منصوبہ بندی اور ادویات کی سپلائی چین کے انتظام کو بہتربنایاجائیگا ۔اس پروگرام کا مقصد خیبر پختونخوا میں صحت کے ثانوی نظام کو تبدیل کرنا ہے ۔ پروگرام سے تقریبا 38 ملین افراد مستفیدہوں گے جن میں خواتین بھی شامل ہیں ،
پروگرام سے خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں بہتری اور بچوں کی شرح اموات میں کمی آئے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت اقتصادی امور نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے 475 ملین ڈالر بھی دوبارہ خرچ کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہاکہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سے رعایتی قرضوں کا انتظام کرکے سیلاب کے بعد کے حالات میں بہتر سے بہتر تعمیرات میں صوبائی حکومتوں کی مدد کی جائیگی ۔