پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط کے مزید فروغ کیلئے متعدد شعبوں میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں، محمد ارباب خان

لاہور۔2اپریل (ٹاپ نیوز):پاک برٹش فرینڈ شپ کونسل نارتھ ویسٹ چیپٹر کے صدر محمد ارباب خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے بہت سے شعبوں میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں جس کا بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو یوکے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان بزنس کونسل میاں کاشف اشفاق سے بزنس کونسل کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں کیونکہ وہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے مزید سازگار کاروباری ماحول کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان فرنیچر کونسل کے وفود کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اب بھی 3 ارب ڈالر سے کم ہے اور اس کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی اور ہندوستانی تارکین وطن نے اپنے آبائی ممالک کی معیشتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پہلے ہی پاکستان میں مالیاتی خدمات، تیل و گیس کی تلاش، پٹرولیم ریفائننگ، بجلی کی پیداوار، فارماسیوٹیکلز، پبلشنگ، صنعتی کیمیکلز اور سیمنٹ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر چکا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کی تلاش کرنی چاہیے۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف قابل عمل تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں