اسلام آباد۔5اپریل (ٹاپ نیوز):پاکستان نے کہا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ایک فعال رکن کے طور پر تنظیم کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بدھ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ثقافت انجینئر امیر مقام نے بھارت کی میزبانی میں 3 اپریل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء ثقافت کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔ ترجمان نے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے اجلاس میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک فعال رکن کے طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینا جاری رکھے گا اور ان کے نتائج میں مسلسل تعاون کرتا رہے گا۔