کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے زندہ جانوروں کی درآمد سے متعلق درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترامیم کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔5اپریل (ٹاپ نیوز):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے زندہ جانوروں کی درآمد سے متعلق درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترامیم کی منظوری دیدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خرم دستگیرخان، سیدمرتضیٰ محمود، سید نویدقمر، ایم این اے وسابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت مصدق مسعودملک، معاون خصوصی طارق محمودپاشا، معاون خصوصی ڈاکٹرمحمدجہانزیب خان، وزیراعظم کے رابطہ کاررانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے سے جانوروں کی صحت بارے اقوام متحدہ کے ادارہ ڈبلیو او اے ایچ کی ہدایات اوررہنما اصولوں کی روشنی میں زندہ جانوروں کی درآمدسے متعلق درآمدی پالیسی آرڈر 2022 میں ترامیم بارے سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے بحث کے بعد درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترامیم کی منظوری دیدی۔اجلاس میں سرکاری عمارتوں کی تعمیر و مرمت کی مد میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کیلئے 299.99 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی۔

اسی طرح ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی ادائیگی کی مد میں انٹیلی جنس بیورو کیلئے 87.164 ملین روپے کے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزارت تجارت اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق سمریوں کو موخر کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں