اسلام آباد۔5اپریل (ٹاپ نیوز):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی مالی خودمختاری کیلئے مخصوص ملازمتیں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی اور مدد سرکاری اور نجی شعبوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان فائونڈیشن فائٹنگ بلائنڈنس کے وائس چیئرمین ڈاکٹر انیس الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو کارآمد شہری بنانے کیلئے تربیت اور مخصوص مہارتوں سے لیس کرنے کی ضرورت ہے، معاشرے کو خصوصی افراد کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
صدر مملکت نے حکومتی اور نجی شعبوں پر بینائی سے محروم افراد کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے خصوصی افراد کے حقوق اور مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر انیس الرحمان نے صدر مملکت کو نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائٹنگ بلائنڈ نس فائونڈیشن نے گزشتہ دس سالوں کے دوران 50,000 سے زائد بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں کو بدلا، بصارت سے محروم بچوں خاص طور پر اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان میں لڑکیوں کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہاسٹل کی سہولیات کا فقدان ہے۔ صدر مملکت کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ بصارت سے محروم طلبہ کو درپیش ایک بڑا مسئلہ امتحانات کے دوران لکھنے کیلئے معاونین کی عدم دستیابی ہے