فیصل مشتاق
رمضان برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ مسلمانوں پر ایک خاص انعام ہے۔رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے کھانوں کا خاص خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔”صحت ہے تو زندگی ہے“ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں یہ خیال رکھنا چاہیے کہ رمضان المبارک میں کس طرح اپنی ڈائٹ کو بہتر طریقے سے کنٹرول کر کے وزن میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
موٹے افراد کو اپنا وزن کم کرنے کے لئے ڈائٹ کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔رمضان میں سحر اور افطار میں ایسے کون سے کھانے استعمال کرنے چاہیے جس سے آپ کے وزن میں تیزی سے کمی لائی جا سکے۔ایسے ہی کچھ ڈائٹ پلان آپ کے ساتھ متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
سحری کی ڈائٹ
1۔
ملٹی گرین/گندم کی روٹی 7 انچ (دو چمچ دیسی گھی یا پھر زیتون کے تیل) میں بنائیں اس کے ساتھ سالن یا دہی کا استعمال کیا جائے۔
ابلے ہوئے انڈے کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
2۔براؤن یا وائٹ بریڈ کے ساتھ سالن کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔دہی کا پیالہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
3۔ساگودانہ کی کھیر،یا دلیہ (جو،گندم،باجرہ) کا دلیہ استعمال کریں۔پانی میں دلیہ بنا کر شہد شامل کیا جا سکتا ہے۔ساتھ بادام یا اخروٹ کا استعمال لازمی کریں۔
4۔بیسن کی روٹی استعمال کرنے سے وزن میں نمایاں کمی آتی ہے۔
یاد رہے بادام اور اخروٹ (ایک مٹھی) ضرور استعمال کریں کیونکہ صحت مند فیٹس آپ کو بھوک نہیں لگنے دیتے۔
5۔چیا سیڈز آپ کے دل کی صحت کے لئے بہت مفید ہیں۔چیا کے بیج آپ کے مقامی ڈرائی فروٹ یا پنساری کی دکان پر بھی آسانی سے دستیاب ہیں۔چیا کے بیج دہی میں شامل کر کے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
افطار
1۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھجوروں سے روزہ افطار فرماتے تھے۔
اس سے ظاہر ہے کہ کھجور سے افطار افضل ہے۔روزے میں انسانی جسم کا انرجی لیول کم ہو جاتا ہے۔اسے برقرار رکھنے کے لئے کھجور سے افطار بہترین ہے۔کھجور کے بعد ایک گلاس پانی پی لینا چاہیے۔
2۔فروٹ چاٹ یا چنا چاٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
3۔سبزیوں یعنی پالک اور بینگن کے پکوڑے کھائے جا سکتے ہیں۔لیکن پکوڑے اعتدال میں کھائیے۔
یاد رہے پکوڑوں کو ڈیپ فرائی کرنے سے اجتناب کریں۔اور ہمیشہ نان اسٹک کڑاہی میں پکوڑے فرائی کریں۔
4۔پھلوں کا استعمال لازمی کریں۔
احتیاطی تدابیر
چائے اور کافی کے استعمال سے پرہیز کریں کیونکہ یہ پیاس کی شدت میں اضافہ کرتے ہیں۔فرائی فوڈ،کولڈ ڈرنکس،فاسٹ فوڈز اور دودھ سوڈا استعمال کرنے سے پرہیز کریں۔کولڈ ڈرنکس کی جگہ نیچرل جوس (جس میں سوڈا موجود نہ ہو) اور ملک شیک کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
رات کا کھانا
ابلے چاولوں کے ساتھ گرل چکن استعمال کریں۔ایک روٹی سالن کے ساتھ کھائیں۔روٹی سے قبل سلاد کا استعمال مت بھولیں۔رات کے کھانے کے بعد 30 منٹ کی چہل قدمی مت بھولیں۔